یکم مئی پرافسرمزدور کے نام پر چھٹی مناتے رہے، کوئی سرکاری تقریب نہ ہو سکی
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)یوم مزدور کے موقع پر سرکاری اداروں کی بے حسی نے غربت کی چکی میں پسے طبقے کو مایوس کردیا ضلعی انتظامیہ، لیبر ڈیپارٹمنٹ سمیت متعلقہ اداروں کے افسر یکم مئی کی چھٹی مناتے رہے۔
کسی آگاہی سیمینار یا ریلی کا انعقاد کیا گیا نہ ہی مزدوروں کو حقوق دلانے سے متعلق کوئی قدم اٹھایا گیا۔ صنعتی شہر فیصل آباد کے مزدوروں کی داد رسی کے لیے یکم مئی کا دن بھی معمول کے باقی دنوں کی مانند ہی گزرا۔ کم از کم اجرت کے بجائے جبری مشقت، نامساعد حالات اور بے روزگاری جیسے مسائل سے نبرد آزما مزدور پیشہ طبقہ اپنے حقوق کے لیے منائے جانے والے دن پر بھی کام کرتا نظر آیا جبکہ افسر چھٹی مناتے رہے ۔ شہر کے 12 لاکھ مزدوروں میں سے 90 فیصد سوشل سکیورٹی، میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ سمیت دیگر سہولیات سے محروم ہیں۔ جس کے باوجود یوم مزدور کے حوالے نہ ہی کسی ضلع ادارے کی جانب سے کوئی ریلی نکالی گئی اور نہ ہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تاہم دوسری جانب لیبر قومی موومنٹ سمیت دیگر مزدور تنظیموں کی جانب سے ضلع کونسل چوک میں نہ صرف کیمپ لگایا گیا بلکہ ریلیوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ اس موقع پر مزدوروں کا کہنا تھا کہ حقوق سے محرومی کا غم پرانا ہے ۔ ہر سال یکم مئی کو افسر چھٹی مناتے ہیں اور مزدور روزی روٹی کی تلاش میں سرگرداں رہتے ہیں۔ وہ اپنے حق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ ریلیوں میں شریک افراد حکومت کی عدم توجہی اور بے حسی سے بھی مایوس نظر آئے ۔