ڈپٹی کمشنرجھنگ کا ہسپتالوں کا دورہ،انتظامیہ کو ہدایات جاری
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنرجھنگ علی اکبر بھنڈر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ اور ٹی ایچ کیو ہسپتال جھنگ سٹی کا دورہ ،زیر علاج مریضوں کو فراہم طبی سہولیات اور ادویات سمیت ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرکے محکمانہ سروسز اور کارکردگی کا جائزہ لیااور ہدایات جاری کیں۔
دوسری طرف ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت آئندہ شروع ہونے والی انسدادپولیو مہم کی تیاریوں بارے اجلاس منعقد ہواجس میں حکام نے انہیں بریفنگ دی۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنرجھنگ علی اکبر بھنڈر نے دورہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کے دوران ڈاکٹرز وسٹاف سے ملاقات کرکے مریضوں کے علاج معالجہ طبی سہولیات اور ہیلتھ سروسز بارے دریافت کیا اور مزید بہتری کیلئے موقع پرہی احکامات جاری کئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا عزم رکھتے ہیں،دورے کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ صحت کی معیاری خدمات فراہم کرے اور مریضوں کی بہترین دیکھ بھال اور علاج معالجے کو یقینی بنائے ۔ مزید برآں ڈپٹی کمشنر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ سٹی بھی گئے اور وہاں طبی سہولیات،ڈاکٹر و پیرا میڈیکل سٹاف کی سروسز کا جائزہ لیا۔ ادھر انسدادپولیو مہم کی تیاریوں کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس میں محکمہ صحت،تعلیم و دیگر ڈیپارٹمنٹس کے افسران موجود تھے ، افسران نے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے مہم کیلئے مائیکرو پلان،ٹیموں کی ٹریننگ سمیت دیگر تیاریاں مہم سے قبل مکمل کرنیکی ہدایت جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیمیں ہر صورت ہدف کا حصول یقینی بنائیں ۔