مختلف تنظیموں ،مسیحی برادری کی پاک فوج کے حق میں ریلیاں

کمالیہ ،جکھڑ (نمائندہ خصوصی،نمائندہ دنیا، سٹی رپورٹر )کمالیہ میں مختلف تنظیموں اورمسیحی برادری نے بھارت کیخلاف پاک فوج کو بنیان مرصوص آپریشن کی کامیابی پر خراج تحسین کیلئے ریلیاں نکالیں،شرکاء نے فلک شگاف نعرے بھی لگائے ۔
تفصیلات کے مطابق صدر تاجر اتحاد کمالیہ طارق حسن رحمانی ودیگر کی زیر قیادت میونسپل کمیٹی چوک سے تھانہ موڑ تک ریلی نکالی گئی جس میں چیئرمین تاجر اتحاد ایم شفیق شاہد ، سرپرست اعلیٰ کامران نصرت ، رائے اسد علی سمیت دیگر رہنماء و ممبران، شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔مقررین نے کہا کہ پاکستانی فوج کے بہادر جوانوں نے خطے کے جعلی تھانیدار کو سبق سکھا دیا ،پاک فضائیہ کی ڈاگ فائٹ کے دوران پیشہ ورانہ مہارتوں کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ ادھر مسیحی برادری کی اقلیتی رہنما اشرف سندھو کی زیر قیادت شکرگزاری ریلی میں کیپٹن نقاش آفتاب، پاسٹر وحید قادر، پاسٹر امین شوکت ، خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سراج چوک سے شروع ریلی چرچ چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی۔مسیحی رہنماؤں نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی قبضہ سے آزاد کرائے ۔ ریلی کے دوران ضلع بھر سے 300 مسیحی نوجوانوں نے رضاکارانہ طور پر رجسٹریشن کرواتے ہوئے دفاع وطن کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ خدمات انجام دینے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ فوج کے ساتھ مل کر بھارت کے خلاف لڑنے کیلئے ہمیں بارڈر پر بھیجا جائے ۔