ٹو بہ :یومِ تشکر پر مساجد میں شہدائے وطن کیلئے قرآن خوانی
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )حکومت ِ پاکستان کی ہدایات پر یومِ تشکر کے موقع پر گزشتہ روز ضلع بھر کی مساجد میں شہداکے ایصالِ ثواب کیلئے قرآن خوانی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
جبکہ پولیس لائن ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شہداکی یادگار پر پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وطن کیلئے جان قربان کرنے والے عظیم شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گزشتہ روز یوم شہداء کے موقع پر نمازِ فجر کے بعد شہر اور دیہی علاقوں کی تمام بڑی و چھوٹی مساجد میں علمائے کرام اور شہریوں نے قرآن پاک کی تلاوت کی اور افواجِ پاکستان کے شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر شرکاء نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اپنے شہداکو کبھی نہیں بھولے گی، افواجِ پاکستان نے \"آپریشن بنیان مرصوص\"کے ذریعے دشمن بھارت کے عزائم کو ناکام بنایا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔دریں اثناء پولیس لائن ٹوبہ میں شہداکی یادگار پر پروقار تقریب میں وطن کیلئے جان قربان کرنے والے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا،تقریب میں ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثارنے یادگار شہدا ء پر پھولوں کی چادر چڑھائی ، اس موقع پر ڈی ایس پیز آفتاب صدیقی ،آصف بٹ ،محمود الحسن ، سینئر صحافی عاطف سعید ، امن کمیٹی کے اراکین، وکلا، انجمن تاجران اور مسیحی برادری بھی موجود تھی، ملکی استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔شرکاء نے کہا کہ ہم سب مل کر وطن کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔