روزگار کی تلاش میں بیرونِ ملک جانیوالوں کی تعداد میں اضافہ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)مالی سال 2024-25 کے دوران پاکستان سے روزگار کی تلاش میں بیرونِ ملک جانے والے افراد کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔۔۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے عبوری اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 سے مئی 2025 تک کے دوران 8 لاکھ 17 ہزار 209 پاکستانی بیرون ملک ملازمت کی غرض سے روانہ ہوئے ، جب کہ مالی سال کے اختتام پر یہ تعداد 9 لاکھ سے زائد ہونے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے ۔پاکستان سے رواں مالی سال بھی شہری بڑی تعداد میں ملک چھوڑ چکے ہیں۔ گیارہ مہینوں کے دوران صرف پنجاب سے 3 لاکھ 69 ہزار 112 افراد، خیبر پختونخوا سے 1 لاکھ 89 ہزار 304، سندھ سے 90 ہزار 873، اور بلوچستان سے 15 ہزار 721 افراد بیرون ملک روزگار کی تلاش میں گئے ۔ آزاد کشمیر سے 26 ہزار، اسلام آباد سے 9 ہزار، اور گلگت بلتستان سے 4 ہزار افراد کا اندراج کیا گیا۔