شوگر سیس فنڈ سے فارم ٹو مارکیٹ 32 سڑکوں کی مرمت ہو گی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد کی طرف سے ضلع جھنگ کے کاشتکاروں کے لئے اچھی خبر،کمشنر مریم خان نے شوگر سیس فنڈ سے فارم ٹو مارکیٹ 32 سڑکوں کی مرمت و بحالی کی منظوری دے دی۔
مرمت وبحال ہونے والی سڑکوں کا تخمینہ لاگت 73 کروڑ 76 لاکھ 21 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے ۔کمشنر مریم خان کی زیر صدارت ڈویژنل شوگر کین ڈویلپمنٹ سیس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ان سکیموں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد منظوری دی گئی۔ایڈیشنل کمشنرز عامر رضا، آصف چوہان ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نوید اولکھ، سپرنٹنڈنٹ،ایکسین ہائی وے بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔کمشنر نے ہائی ویز و دیگر متعلقہ محکموں کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد سڑکوں کا کام جلد از جلد شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ سڑکوں کی تعمیر اتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔عوامی بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے ان سڑکوں کی بحالی سے نہ صرف اجناس منڈیوں اور شوگر ملز تک باآسانی پہنچ سکیں گی بلکہ مقامی افراد کو بھی آسانی ہوگی۔