جھنگ میں 13 علماء و ذاکرین کی زبان بندی کے احکامات جاری

اٹھارہ ہزاری،گڑھ مہاراجہ (نمائندگان دنیا) جھنگ ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام میں 13 علماء و ذاکرین کی زبان بندی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جھنگ نے سکیورٹی اداروں کی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے محرم الحرام میں سمندوانہ، احمدپورسیال، گڑھ مہاراجہ، اٹھارہ ہزاری، شورکوٹ، وریام والہ، موچیوالہ جھنگ سٹی و صدر کے علاقہ سے ذاکر لیاقت علی، عمر حیدری، مولوی عبد الرحمن عثمانی، عطاء حسین کاظمی، مولانا ابوبکر شاہ، اِبراہیم شاہ، اختر عباس شیرازی ، مولوی آصف، قاری عبد المجید ، صدام حسین، قاری محمد رفیق، قاری عثمان، قاری ابو سفیان پر مشتمل اہل تشیع، دیوبندی اور بریلوی مسالک کے 13 علماء و ذاکرین خطباء کی زبان بندی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افراد کے بیانات اور تقاریر سے مختلف مکاتب فکر کے درمیان نفرت، اشتعال اور بدامنی پیدا ہونے کا خدشہ ہے جو ضلع میں امن و امان کی فضا کو متاثر کر سکتا ہے ۔ اسی بنا پر ان کے خلاف قانونِ \"تحفظِ امنِ عامہ آرڈیننس 1960\"کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ، احکامات کے تحت ضلع جھنگ میں مذکورہ علماء و ذاکرین کے بیان و تقریر کرنے پر پابندی ہو گی۔