عشرہ محرم الحرام میں مثالی انتظامات کئے گئے :وزیر تعلیم پنجاب

 عشرہ محرم الحرام میں مثالی انتظامات کئے گئے :وزیر تعلیم پنجاب

جھنگ ،چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹرز )محرم الحرام کے انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے جھنگ اور چنیوٹ کا دورہ کیا ، اس موقع پرانہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام میں مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر نے محرم الحرام کے انتظامات اور امن و امان کے حوالے سے ڈی سی آفس جھنگ میں اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر اور ڈی پی او کیپٹن(ر)بلال افتخار کیانی نے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی اور بتایا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا ہے ۔ اس موقع پر امن کمیٹی کے اراکین سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے حکومت پنجاب کی ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے ،بعد ازاں رانا سکندر حیات نے ضلعی کنٹرول روم جھنگ کا دورہ کیا اور جلوسوں کے روٹس کی مانیٹرنگ بارے بریفنگ لی۔ صوبائی وزیر نے یوم عاشورہ کے موقع پر بلاق شاہ کے جلوسوں کے مرکزی پوائنٹ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا اور انتظامات بارے عزاداروں سے دریافت کیا اور وہاں سبیل کا بھی جائزہ لیا۔ دریں اثنا صوبائی وزیر تعلیم نے یوم عاشور پرانتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے دورہ ضلع چنیوٹ کے د وران ڈپٹی کمشنر صفی اﷲگوندل اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداﷲاحمد کے ہمراہ چوک قصاباں سمیت دیگر مقامات پر جلوسوں و مجالس کے راستوں پر حفاظتی امورکاجائزہ لیا۔انہوں نے منتظمین سے انتظامات دریافت کئے ۔انہوں نے بھرپور انتظامی وحفاظتی اقدامات پر ڈپٹی کمشنر اورڈی پی او کو شاباش دی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں