فیسکو عملہ شکایات کے حل کی بوگس انٹریاں کرنے لگا ، بلوں میں درج نمبر بھی غیر فعال

فیسکو عملہ شکایات کے حل کی بوگس انٹریاں کرنے لگا ، بلوں میں درج نمبر بھی غیر فعال

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سب ڈویژنز میں عملہ شکایات کے حل کی بوگس انٹریاں کرنے لگا۔

آن لائن شکایت کی صورت میں مسئلہ حل کیے بغیر ہی شکایت کو حل شدہ قرار دیکر جان چھڑائی جانے لگی۔ بیشتر سب ڈویژنز میں بلوں پر شکایت کے لیے پرنٹ کیے گئے موبائل نمبر بھی غیر فعال، صارفین پریشانی سے دوچار ہوگئے ۔صارفین کی شکایات کو محض فائلوں میں نمٹانے کی روایت شدت اختیار کر چکی ہے ۔ شہریوں کی جانب سے آن لائن یا فون کے ذریعے کی جانے والی شکایات کا ازالہ کرنے کے بجائے متعلقہ اہلکار بوگس انٹریز کے ذریعے ریکارڈ میں یہ ظاہر کرنے لگے ہیں کہ مسئلہ حل کر دیا گیا، حالانکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ ایسے میں صارفین مسلسل بجلی کی آنی جانی، بلوں میں غلطیوں یا وولٹیج کی خرابی جیسے مسائل کا شکار رہتے ہیں مگر فیسکو کے نظام میں ان کی شکایات حل شدہ دکھائی دیتی ہیں۔ معلومات کے مطابق بیشتر سب ڈویژنز میں وہ موبائل نمبرز جو بجلی کے بلوں پر شکایت درج کرنے کے لیے فراہم کیے گئے تھے ، یا تو بند ہیں یا اٹھائے ہی نہیں جاتے ، صارفین کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا ہے ۔ ان کا کہنا ہے اعلیٰ انتظامیہ بوگس انٹریز اور غیر فعال شکایتی نیٹ ورک کا نوٹس لے ۔ مانیٹرنگ کیلئے تیسرے فریق کی نگرانی میں آزادانہ آڈٹ کروایا جائے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں