محکمہ صحت فیصل آباد میں اڑھائی کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں

 محکمہ صحت  فیصل آباد میں اڑھائی کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں

فیصل آباد(بلال احمد سے )محکمہ صحت فیصل آباد کے ٹی ایچ کیو ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں ہیلتھ کونسل فنڈز سے 2 کروڑ 61 لاکھ روپے کی خطیر رقم مبینہ طور پر بغیر منظور شدہ طریقہ کار کے خرچ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔۔۔

 جس پر آڈٹ حکام نے سخت اعتراضات اٹھاتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور اخراجات کی ریگولرائزیشن کی سفارش کی ہے ۔تفصیلات کے مطابق مالی سال 2022-23 اور 2023-24 کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد کے تحت کام کرنے والے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں ہیلتھ کونسل کے فنڈز سے مجموعی طور پر 26.110 ملین روپے کی رقم خرچ کی گئی، یہ اخراجات ہیلتھ کونسل کی منظوری کے بغیر کئے گئے جبکہ ان کیلئے درکار ریکارڈ جیسے کیش بک، سٹاک رجسٹر، بینک سٹیٹمنٹ، رسیدیں، سالانہ ایکشن پلان اور خریداری کا باقاعدہ ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ بعض کیسز میں مشتبہ انوائسز استعمال کی گئیں جو تاریخی ترتیب سے مطابقت ہی نہیں رکھتیں جس سے ان کی شفافیت پر سوالات اٹھتے ہیں۔ آڈٹ حکام کا مؤقف ہے کہ یہ بے ضابطگیاں محکمانہ نگرانی کے ناقص نظام اور اندرونی کنٹرول کی کمزوری کا نتیجہ ہیں۔ مذکورہ معاملہ اکتوبر 2024 میں پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر کو رپورٹ کیا گیا جس پر محکمے نے مؤقف اختیار کیا کہ اخراجات پالیسی کے مطابق اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس شیئر کے تحت ملازمین میں تقسیم کئے گئے ۔ تاہم آڈٹ ٹیم نے جواب کو غیر تسلی بخش اوراخراجات کوقواعد کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی نے 10 دسمبر 2024 کو منعقدہ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کو ہدایت کی کہ وہ محکمانہ کمیٹی تشکیل دے کر ذمہ داروں کا تعین کریں اور رپورٹ جمع کروائیں، تاہم اس پر کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔ آڈٹ حکام نے معاملے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی سفارش کے ساتھ اخراجات کی ریگولرائزیشن کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں