موٹروے سروس ایریا میں گرانفروشی پر دکانداروں کو جرمانے عائد
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )اسسٹنٹ کمشنر کاموٹروے سروس ایریا کا دورہ، زائد قیمتیں وصول کرنے پر دکانداروں کو جرمانے عائد،آئندہ کیلئے وارننگ جاری۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال نے شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے گزشتہ روز تحصیلدار علی عباس کے ہمراہ اچانک موٹروے سروس ایریا کا معائنہ کیا اور وہاں قائم مختلف دکانوں پر اشیائے خور ونوش کی قیمتوں کو چیک کیا،وہاں دکاندار سرکاری نرخ سے زائد قیمتوں پراشیاء فروخت کر رہے تھے جبکہ صفائی کی صورتحال بھی ناقص تھی جس پر ضلعی انتظامیہ نے دکانداروں کو موقع پر کارروائی کرتے ہوئے 90 ہزار روپے کے جرمانے عائد کر دیئے ۔اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو تنبیہ کی کہ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،آئندہ خلاف ورزی پر دکانیں سیل بھی کی جا سکتی ہیں ۔