غیر قانونی سوئی گیس کمپریسرز کی کھلے عام فروخت جاری

غیر قانونی سوئی گیس کمپریسرز کی کھلے عام فروخت جاری

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ریلوے روڈ سمیت مختلف مارکیٹوں میں غیر قانونی سوئی گیس کمپریسرز کی کھلے عام فروخت جاری، محکمہ کی مبینہ ملی بھگت کے باعث کارروائیوں ناممکن ہوگئیں۔

 1 ہزار سے 1500 روپے تک دستیاب کمپریسر لگانے والے افراد دیگر سوئی گیس صارفین کے حصے کی گیس پر بھی ہاتھ صاف کرنے لگے ۔فیصل آباد کے گنجان آباد تجارتی علاقوں خصوصاً ریلوے روڈ، سمن آباد، بھوآنہ بازار سمیت دیگر مارکیٹوں میں غیر قانونی سوئی گیس کمپریسرز کی دھڑلے سے فروخت جاری ہے ، جس کے نتیجے میں شہر کے متعدد علاقوں میں گیس پریشر کا سنگین بحران پیدا ہو چکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ کمپریسرز ایک ہزار سے 1500روپے کے درمیان کھلے عام دستیاب ہیں اور انہیں عام دکاندار، ہارڈویئر مرچنٹس اور بعض الیکٹریکل ورکشاپس کی آڑ میں فروخت کر رہے ہیں۔ مذکورہ ڈیوائسز کی مدد سے صارفین اپنے گھروں میں گیس کے بہاؤ کو مصنوعی طور پر بڑھا لیتے ہیں، جس سے اردگرد کے گھروں کو گیس کی فراہمی میں واضح کمی واقع ہو جاتی ہے ۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے اہلکاروں اور بعض دکانداروں کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کے باعث یہ غیر قانونی کاروبار پروان چڑھ رہا ہے ۔ شکایات کے باوجود محکمہ گیس کی جانب سے کسی قسم کی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی، جس سے شبہ ہوتا ہے کہ بعض افسران خود اس مکروہ دھندے کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں