ٹو بہ :پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن جاری
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی زیر نگرانی ضلع بھرمیں ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ،دودھ بردار گاڑیوں، ڈیری یونٹس اور ملک شاپس کی انسپکشنز کے دوران 54من سے زائد(2185 لٹر)دودھ کو غیر معیاری اور ملاوٹی قرار دے کر موقع پر ہی ضائع کر دیا گیا۔
جبکہ 4 لاکھ 57 ہزار روپے کے بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے ،جعلی اور ملاوٹی کھویا تیار کرنیوالا یونٹ پکڑا گیا۔تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے گزشتہ روز ٹوبہ میں جعلی اور ملاوٹی کھویا تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارا، جہاں موقع پر کی گئی ٹیسٹنگ اور لیب رپورٹس کے مطابق کھویا اور دودھ میں مضر صحت کیمیکل اور پانی کی ملاوٹ ثابت ہوئی، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے کھویا تیار کرنے والے آلات ضبط کر لئے گئے ،اس کے علاوہ شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی ناکہ بندی کی گئی جہاں دودھ بردار گاڑیوں، ڈیری یونٹس اور ملک شاپس کی سخت انسپکشنز کی گئیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز یاسر مشتاق کے مطابق مجموعی طور پر 2 لاکھ 87 ہزار 453 لٹر دودھ چیک کیا گیا جس میں سے 2185 لٹر دودھ کو غیر معیاری اور ملاوٹی قرار دے کر موقع پر ہی ضائع کر دیا گیا جبکہ 4 لاکھ 57 ہزار روپے کے بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر یاسر مشتاق نے واضح کیا کہ صحت سے کھیلنے والوں کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔