ٹوبہ :حکام کی چشم پوشی ، مال بردار گاڑیوں پر اوورلوڈنگ جاری

 ٹوبہ :حکام کی چشم پوشی ، مال بردار گاڑیوں پر اوورلوڈنگ جاری

ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کی چشم پوشی کے باعث ضلع بھر میں ٹرالروں، ٹرکوں سمیت دیگر مال بردار گاڑیوں پر اوورلوڈنگ جاری، حادثات معمول، شاہراہیں بھی کھنڈرات میں تبدیل ہو کر رہ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مال بردار گاڑیوں میں ایکسل کے مطابق وزن لوڈ کر نے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں تاکہ حادثات سے بچنے کے ساتھ ساتھ اوورلوڈنگ سے سڑکوں کو بھی بچایا جا سکے کیو نکہ اوور لوڈنگ کر نے والی گاڑیاں سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کا بھی باعث بنتی ہیں اور پھر ایسی سڑکوں کی تعمیرومرمت پرسالانہ اربوں روپے خرچ کرناپڑتے ہیں۔اسی لئے اوورلوڈنگ کے خلاف قانون میں ترمیم کرتے ہوئے ٹرک میں دس ٹن سے زائد سامان لوڈ کر نے والے ڈرائیوروں کوبھاری جرمانوں ، گاڑی کی بندش، ڈرائیورکالائسنس اورگاڑی کاروٹ کینسل کر نے کے احکامات جار ی کئے گئے تھے تاہم متعلقہ حکام کی غفلت سے ضلع بھر میں بدستور مال بردار گاڑیوں میں اوور لوڈنگ کی جا رہی ہے اوران ٹرکوں اور ٹرالروں کی وجہ سے آئے روز سنگین حادثات بھی رونما ہو تے ہیں جبکہ ضلع کی تمام اہم سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہیں ۔عوامی حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فرائض میں غفلت کے مرتکب افسران اوراہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں