پنجاب بھر میں میگا زرعی پراجیکٹس کا آغاز کر دیا :بابر علاؤالدین
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر)بابر علاؤالدین نے کہا ہے کہ۔۔۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کاشتکاروں کی خوشحالی، زرعی ترقی اور خود کفالت کے خواب کی تعبیر کیلئے پنجاب بھر میں میگا زرعی پراجیکٹس کا آغاز کر دیا ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ایوب ریسرچ کے دورہ کے دوران ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے نئے منصوبوں میں ایگریکلچران پوٹھوار اور سٹرس بحالی ٹاسک فورس کا قیام شامل ہے تاکہ مخصوص علاقوں میں موزوں فصلوں کی ترقی کو فروغ دیا جا سکے ، کسان کارڈ سکیم کے تحت100 ارب روپے کی خطیر رقم سے کاشتکاروں کو بلاسود قرضے فراہم کئے جا چکے ہیں جبکہ ویٹ سپورٹ پروگرام کے تحت12 ارب روپے کاشتکاروں میں تقسیم کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سولرائزیشن آف ایگری ٹیوب ویلز پروگرام کے تحت 8 ہزار کسانوں کو سبسڈی دی جائے گی۔بریگیڈیئر (ر)بابر علاؤالدین نے کہا کہ گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت 10 ہزار کاشتکاروں کو 5 سے 10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی فراہم کی گئی ہے جبکہ ساڑھے 12 ایکڑ سے زائد گندم اگاؤ مہم کے کامیاب کسانوں میں 1 ہزار فری گرین ٹریکٹرز بھی تقسیم کئے جا چکے ہیں،وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر خطہ پوٹھوار، تھل اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں فصلوں کی کامیاب کاشت کے لیے میگا پراجیکٹس شروع کئے جا رہے ہیں۔