ٹوبہ :بارشوں کے دوران نکاسی آب کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں حالیہ بارشوں کے دوران نکاسی آب کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے ،تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ضلع کونسل اورمیونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز فیلڈ میں موجود ہیں۔۔۔
اور نشیبی علاقوں کے مسلسل دورے کر رہے ہیں تاکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی ممکن بنائی جا سکے ،مشینری بھی فیلڈ میں مکمل طور پر فعال ہے جن میں سکر مشینیں، ویکیوم سیور، ٹریکٹر ٹرالیاں اور ڈی واٹرنگ پمپس شامل ہیں، ان مشینوں کی مدد سے نکاسی آب کا عمل تیزی سے جاری ہے اور متاثرہ مقامات سے پانی نکالنے کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جا رہا ہے ۔اس حوالے سے ضلعی سطح پر مون سون کنٹرول روم اور کیمپ قائم کئے گئے ہیں جہاں سے بارش کی صورتحال، فیلڈ سرگرمیوں اور عوامی شکایات پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے ، عوامی شکایات پر فوری ردعمل دیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت کے مطابق بارش کے دوران شہریوں کوریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے ،ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے ۔