ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حفاظتی اقدامات مکمل

ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حفاظتی اقدامات مکمل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ممکنہ سیلابی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لئے فیصل آباد ڈویژن میں پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈویژنل انتظامیہ دریائے جہلم میں ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ہمہ وقت الرٹ ہے ۔

اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد مریم خان نے جھنگ کے علاقے میں واقع ہیڈ تریموں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیلابی پانی کی صورتحال، حفاظتی اقدامات اور انتظامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر، ڈی پی او بلال افتخار کیانی اور دیگر ضلعی افسروں کے علاوہ محکمہ آبپاشی کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ایکسیئن ہیڈ تریموں نے کمشنر کو دریائے جہلم اور ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کی موجودہ صورتحال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔اونچے ، درمیانے اور نچلے درجے کے ممکنہ فلڈ کی صورت میں متاثر ہونے والے موضع جات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔کمشنر مریم خان نے ہیڈ تریموں پر قائم کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا جہاں انہیں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام اور نگرانی کے موجودہ طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔بعد ازاں کمشنر نے حفاظتی بند پر قائم بریچنگ سیکشن کا جائزہ لیا اور دریائے جہلم کے کنارے واقع تحصیل اٹھارہ ہزاری کے نواحی موضع دھبی بلوچاں کا بھی دورہ کیا۔ وہاں انہوں نے بیٹ کے علاقوں میں مقیم افراد سے ملاقات کی اور انہیں حفاظتی اقدامات اپنانے کی ہدایت جاری کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں