شورکوٹ میں یومِ شہدا عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا
شورکوٹ (نمائندہ دنیا)پنجاب بھر کی طرح شورکوٹ میں بھی یومِ شہدا عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر تحصیل چوک شورکوٹ میں شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جانبازوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں ڈی ایس پی شورکوٹ چودھری محمد اکرم اور ایس ایچ او تھانہ شورکوٹ ملک اسد اللہ کھوکھر نے شرکت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہدا ہماری قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، جنہوں نے وطنِ عزیز کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔ممبر امن کمیٹی شورکوٹ مفتی نصیرالدین نصیر الحسنی نے اپنے بیان میں کہا کہ شہداء کا رتبہ اللہ کے ہاں بہت بلند ہے ، اور ان کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے وطن کے دفاع اور تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔تقریب میں پولیس اہلکاروں سمیت میڈیا نمائندگان، شہریوں، وکلاء، اساتذہ، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے شمعیں روشن کر کے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔