چنیوٹ:ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل سطح پرصفائی آپریشن کا جائزہ لیا
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے \\\"ستھرا پنجاب پروگرام\\\" کے تحت ضلع چنیوٹ میں زیرو ویسٹ مہم بھرپور انداز میں جاری ہے ۔
ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے یونین کونسل کی سطح پر صفائی آپریشن کا جائزہ لیا۔انہوں نے یونین کونسل 34 غفورآباد اور محلہ قاسم ٹاؤن میں دوسرے مرحلے کے تحت جاری صفائی مہم کا معائنہ کیا، جہاں مشینری کے ذریعے کوڑے کے ڈھیروں کو ہٹایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈرینز اور نالیوں کی ڈی سلٹنگ یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے ۔بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر و چیئرمین چنیوٹ ایجوکیشنل ٹرسٹ صفی اللہ گوندل نے چناب کالج چنیوٹ کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے گرلز ونگ کے پہلے فلور پر جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور تعمیراتی عمل میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے چناب کالج میں طالبات کے لیے تعلیمی سہولیات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام تعمیراتی کاموں میں معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے ۔