شورکوٹ :آزادی کی تقریبات،طالبات میں کھیلوں کے مقابلے
شورکوٹ (نمائندہ دنیا) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ‘‘حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک’’ کے عنوان سے یکم تا 14 اگست جاری جشنِ آزادی تقریبات کا سلسلہ شور و شوق سے جاری ہے ۔
تحصیل سپورٹس کمپلیکس شورکوٹ میں طالبات کے مابین کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے ، جن میں سرکاری و نجی سکولوں کے ساتھ وی ٹی آئی کالج کی طالبات نے بھی بھرپور حصہ لیا اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ شازیہ رحمان نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کی اور کامیاب ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوان نسل میں حب الوطنی اور مثبت سوچ کو فروغ دیتی ہیں۔ اس موقع پر وی ٹی آئی کالج کے پرنسپل خادم حسنین اصغر اور تحصیل سپورٹس آفیسر ساجدہ بھی موجود تھیں۔ تقریب میں سول سوسائٹی، والدین، شائقین اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور طالبات کی صلاحیتوں کو سراہا۔ مقررین نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت بلکہ قومی یکجہتی اور ٹیم ورک کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے حکومتِ پنجاب کی جانب سے خواتین کے لیے کھیلوں کے مواقع بڑھانے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے معاشرے میں مثبت تبدیلی آئے گی۔