غیر معیاری گوشت اور دودھ بیچنے والوں کیخلاف کارروائیاں تیز
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت سیکرٹری لائیوسٹاک احمد عزیز تارڑ کی ہدایات پر پنجاب بھر کی طرح ڈویژن فیصل آباد میں بھی محکمہ پنجاب فوڈ اتھارٹی (PFA) اور محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ (L&DD) کی جانب سے۔۔۔
عوام کو غیر معیاری گوشت اور ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں غیر معیاری گوشت اور ملاوٹ شدہ دودھ کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے ۔محکمہ لائیوسٹاک اور پی ایف اے کی مشترکہ ٹیمیں مروجہ قوانین و ضوابط کے تحت کارروائیاں کر رہی ہیں۔ ڈویژن کے تمام اضلاع میں اعلیٰ افسران کی سربراہی میں غیر قانونی ذبح، ناقص گوشت کی فروخت، کم عمر اور پیداواری مادہ جانوروں کے ذبح کے ساتھ ساتھ ملاوٹ شدہ دودھ کے خلاف مشترکہ مہم جاری ہے ۔اسی سلسلے میں ڈویژن فیصل آباد کی تمام تحصیلوں میں ہنگامی چھاپے مارے گئے ۔ کارروائیوں کے دوران متعدد قصاب مضرِ صحت گوشت فروخت کرتے ہوئے پکڑے گئے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ ضلع چنیوٹ اور ضلع جھنگ میں دو، دو ایف آئی آرز جبکہ ضلع فیصل آباد میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی۔ تحصیل سمندری، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ اور چک جھمرہ میں بھی مضرِ صحت گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف استغاثے جمع کرائے جا چکے ہیں۔