ٹیکسٹائل برآمدات میں نمایاں اضافہ ، یورپی منڈیوں میں اشیا کی مانگ بڑھی

ٹیکسٹائل    برآمدات   میں   نمایاں    اضافہ    ،   یورپی    منڈیوں    میں   اشیا    کی   مانگ   بڑھی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ملکی ٹیکسٹائل برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ ہوا، جس سے کئی برسوں کا منفی رجحان بدل گیا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025ء میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات ایک ارب 69 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔۔۔

 جو جولائی 2024ء کے ایک ارب 27 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 33 فیصد زیادہ ہیں۔ یہ اضافہ برآمدی شعبے کے لیے حوصلہ افزا اور عالمی منڈی میں پاکستانی ٹیکسٹائل کی بڑھتی ہوئی طلب کا ثبوت ہے ۔جون 2025ء میں برآمدات ایک ارب 53 کروڑ ڈالر تھیں، جو جولائی میں 10 اعشاریہ 45 فیصد بڑھ کر ایک ارب 69 کروڑ ڈالر ہو گئیں۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ تین برس میں جولائی کے مہینے میں مسلسل کمی کے بعد پہلی بار اتنا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔صنعتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ترقی کی وجوہات میں توانائی کی بہتر فراہمی، پیداواری لاگت میں کمی، عالمی طلب میں اضافہ اور حکومتی سہولت کاری شامل ہیں۔ یورپی یونین اور امریکہ کی مارکیٹوں میں پاکستانی تیار ملبوسات، بیڈ لینن اور نٹ ویئر کی مانگ میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔مالی سال 2024-25ء میں مجموعی ٹیکسٹائل برآمدات 7 اعشاریہ 4 فیصد بڑھ کر 16 ارب 65 کروڑ ڈالر سے 17 ارب 88 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ ماہرین کے مطابق یہ رفتار برقرار رکھنے کے لیے صنعت کاروں کو جدید ٹیکنالوجی، پیداواری استعداد میں اضافہ اور عالمی معیار کے مطابق ڈیزائن و جدت پر توجہ دینا ہوگی۔برآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ایکسپورٹ ری فنانس اسکیمز میں مزید آسانیاں، درآمدی خام مال پر ڈیوٹی میں کمی، اور عالمی تجارتی میلوں میں بھرپور نمائندگی یقینی بنائے تو برآمدات آئندہ برسوں میں 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہیں، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور لاکھوں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں