بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے دعوے حبس میں دم توڑ گئے ، لوڈشیڈنگ سے زندگی مفلوج

بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے دعوے حبس میں دم توڑ گئے ، لوڈشیڈنگ سے زندگی مفلوج

فیصل آباد(بلال احمد سے )فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے دعوے شدید گرمی اور حبس کے موسم میں دم توڑ گئے ، شہر کے بیشتر علاقوں میں مرمتی کام کے نام پر بدترین غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ معمول بن گئی ہے ۔

 شہریوں کا کہنا ہے کئی کئی گھنٹے بجلی کے بغیر گزارنا محال ہو گیا ہے ، جس سے گھریلو زندگی مفلوج اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ کئی روز سے درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ اور حبس کی صورتحال کے باعث 45 ڈگری تک محسوس کیا جا رہا ہے ۔ اس دوران فیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ طور پر دن اور رات کے اوقات میں تین سے پانچ گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے ۔ صورتحال اس حد تک سنگین ہے کہ بعض علاقوں میں دن میں کئی بار بجلی غائب ہو جاتی ہے ، جس سے گھروں میں پانی کی قلت بھی پیدا ہو رہی ہے ، برقی آلات متاثر ہو رہے ہیں اور بچوں، بزرگوں اور مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ تجارتی حلقوں کے مطابق لوڈ شیڈنگ نے مارکیٹوں اور چھوٹے کاروباروں کو شدید نقصان پہنچایا ہے ، خاص طور پر کولڈ سٹوریج، پاور لومز اور ورکشاپس میں کام رکنے سے مالی نقصان بڑھ رہا ہے ۔ شہریوں نے الزام لگایا کہ فیسکو نہ تو عوامی سطح پر لوڈ شیڈنگ کا کوئی شیڈول جاری کر رہا ہے اور نہ ہی بجلی کی بندش کی وجوہات واضح کر رہا ہے ، عوامی حلقوں نے وفاقی حکومت اور وزارت توانائی سے مطالبہ کیا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں