فیسکو کا عملہ شہریوں کی شکایات حل کرنے میں ناکام، ہیلپ لائن 118 بھی غیر مؤثر
فیصل آباد(بلال احمد سے )فیسکو سب ڈویژنز کا عملہ شہریوں کی شکایات کے حل میں غیر سنجیدہ، کال پر ہیلپ لائن 118 بھی غیر مؤثر ہونے لگی جبکہ بلوں پر شکایت کیلئے درج بیشتر سب ڈویژنز کے مختص نمبرز پر عملے نے کال نہ اٹھانا معمول بنا لیا۔
فیسکو صارفین کی تعداد 53لاکھ سے زائد ہے اور بیشتر علاقوں میں بجلی مسائل اور شکایات معمول بن چکی ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ٹرپنگ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بلنگ میں غلطیوں، نئے میٹر کی تنصیب میں تاخیر اور لائن فالٹ جیسی شکایات کے حل کیلئے فیسکو کا نظام بری طرح ناکام ہو رہا ہے ۔ ہیلپ لائن 118 پر رابطہ پرطویل ہولڈ کے بعد بھی اکثر کالز اٹینڈ ہی نہیں کی جاتیں، بعض اوقات فون مسلسل بزی رہتا ہے یا آٹو میسج کے بعد لائن کٹ جاتی ہے ۔ بلوں پر درج سب ڈویژنز کے مخصوص نمبرز پر کال کی کوشش بھی اکثر ناکام رہتی ہے ،عملہ فون اٹھانے سے گریز کرتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق کئی سب ڈویژنز میں شکایتی رجسٹر بھی غیر فعال ہیں اور اکثر شہریوں کو تحریری درخواست دینے کیلئے دفتر جانا پڑتا ہے ، جہاں گھنٹوں انتظار کے بعد بھی مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غفلت پراہلکاروں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے ، ہیلپ لائن 118 کو جدید اور موثر نظام سے اپ گریڈ کیا جائے اور سب ڈویژنز کو پابند کیا جائے کہ وہ درج شدہ نمبرز پر آنے والی ہر کال کا بروقت جواب دیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔