ہمیں عہد کرنا ہو گا ملک کیلئے ہر قر بانی دینگے :نعیم سندھو
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے درمیانی شب فٹ بال سٹیڈیم میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جس سے فضا رنگ و نور میں نہا گئی۔
مرکزی تقریب ضلع کونسل میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری، ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو، ایم پی اے امجد علی جاوید، ایم پی اے سردار ایوب خان گادھی اور ڈی پی او عبادت نثار تھے ۔تقریب میں ضلعی افسر ، اہلکار، طلبا و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صبح 8 بج کر 58 منٹ پر سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ قومی پرچم کشائی کی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ پولیس، ایلیٹ فورس، جیل پولیس، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے دستوں نے سلامی پیش کی۔طلبا و طالبات نے ملی نغموں اور ٹیبلو سے محفل کو چار چاند لگا دئیے ۔ خطاب میں ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے کہا کہ 14 اگست ہماری تاریخ کا اہم دن ہے ، آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ اس ملک کی سلامتی اور تحفظ کے لیے ہر قربانی دیں گے اور اپنے خون کا ایک ایک قطرہ نچھاور کریں گے ۔