جشن آزادی کی مرکزی تقریب میں اختیارات، سرکاری وسائل کے مبینہ بے دریغ استعمال کا انکشاف

 جشن آزادی کی مرکزی تقریب میں اختیارات، سرکاری وسائل کے مبینہ بے دریغ استعمال کا انکشاف

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر)ڈویژنل انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب میں اختیارات اور سرکاری وسائل کے مبینہ بے دریغ استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

ریفریشمنٹ کے لیے 850 روپے فی کلو قیمت والی مٹھائی 1796 روپے میں خریدی گئی، جبکہ 1200 روپے قیمت والا برف کا بلاک 2985 روپے میں حاصل کیا گیا۔کمشنر آفس میں تقریب کیلئے مٹھائی، چائے ، پانی، جوس، بسکٹ، لنچ باکس اور برف کی خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کیا گیا۔ ٹھیکیداروں نے پیشکشیں جمع کروائیں، جن میں کم قیمت والے کو مبینہ طور پر نظرانداز کر کے زیادہ ریٹ والے کو ترجیح دی گئی۔ مٹھائی کے لیے ایک ٹھیکیدار نے 790 روپے ، دوسرے نے 1972 اور تیسرے نے 1796 روپے فی کلو ریٹ دیا، مگر منظوری 1796 روپے والے کو دی گئی۔چائے کے لیے ایک پیشکش 45 روپے فی کپ تھی، لیکن 97 روپے والی منظور ہوئی۔ برف کے بلاک کی سب سے کم پیشکش 1500 روپے تھی، تاہم خریداری 2986 روپے میں کی گئی۔ذرائع کے مطابق میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر کی مبینہ ملی بھگت سے کم ریٹ دینے والے ٹھیکیداروں پر غیر ضروری اعتراضات لگا کر انہیں ٹینڈر سے خارج کر دیا گیا، جبکہ مبینہ کمیشن دینے والے کو معاہدہ دیا گیا۔چیف آفیسر میونسپل علی عباس بخاری نے کہا کہ بل منظوری سے قبل مکمل انکوائری کی جائے گی۔ ٹھیکیدار نے مؤقف اختیار کیا کہ 31 فیصد ٹیکس کٹوتی کی وجہ سے قیمتیں زیادہ ظاہر ہو رہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں