احمد پور سیال میں بھی حضرت امام حسین ؓ کا چہلم منایا گیا
گڑھ مہاراجہ (نمائندہ دنیا )ملک بھر کی طرح احمد پور سیال میں بھی حضرت امام حسینؓ اور ان کے 72 رفقائے کار کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
امام بارگاہ حسینیہ محلہ گھاڑوآں والا سے جلوس مکانٹراں برآمد ہو کر مرکزی امام بارگاہ زینبیہ کڑی والا پہنچا، جہاں نوحہ خوانی اور ماتم داری ہوئی۔ بعد ازاں جلوس واپس امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔چہلم کے موقع پر امام بارگاہ زینبیہ کڑی والا اور امام بارگاہ حسینیہ گھاڑوآں والا سے برآمد ہونے والے تعزیہ و ذوالجناح کے جلوس میو چوک پر یکجا ہوئے ، جہاں سینہ کوبی اور زنجیر زنی کی گئی۔ درس جامعۃ الغدیر کے قریب بستی میانی سے آنے والا جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہوا، جو امامیہ قبرستان میں پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔سکیورٹی کے فول پروف انتظامات اور عزاداروں کی طبی سہولت کے لیے محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کا عملہ موجود رہا۔اسی طرح سمندوآنہ، جوانہ بنگلہ، پیر دی بھینی، مقصود پور، چک فرازی، چک نمبر 4/4 ایل، فتح پور، ہوتا سیال، رنجیت کوٹ، بنگلہ یاسمین سمیت نواحی علاقوں سے آنے والے جلوس چک نورنگ شاہ کے میدانِ کربلا پہنچے اور مرکزی جلوس میں شامل ہو کر شہدائے کربلا کو نوحہ خوانی، ماتم اور زنجیر زنی کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا۔