زرعی یونیورسٹی اور کراپ لائف پاکستان میں تعاون پر اتفاق
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور کراپ لائف پاکستان نے پائیدار زراعت، پیداواری صلاحیت میں اضافہ، کیڑے مار ادویات کے خلاف مزاحمت اور فصل کی باقیات کے بہتر انتظام کے لیے مشترکہ تحقیقی و ترقیاتی تعاون پر اتفاق کیا ہے ۔
یہ فیصلہ وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد و محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں کیا گیا، جس میں کراپ لائف پاکستان کے سی ای او ذیشان حسیب بیگ، سینئر وائس چیئرمین طلال حکیم، ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد احمد اور دیگر شریک تھے ۔ڈاکٹر ذوالفقار علی نے انڈسٹری ماہرین کو ایڈجَنکٹ فیکلٹی میں شامل کرنے کی تجویز کو تعلیمی و عملی خلا پُر کرنے کا انقلابی قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے طلبہ جدید صنعتی طریقہ کار اور مارکیٹ سے ہم آہنگ مہارتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔انہوں نے کراپ لائف پاکستان سے طویل المدتی شراکت داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مٹی کی صحت، متوازن غذائی اجزاء، نامیاتی کھاد، کراپ روٹیشن، بائیوفرٹیلائزرز، ورمی کمپوسٹ اور بائیوچار کے استعمال سے پیداوار اور غذائی تحفظ ممکن ہے ۔ اس کے ساتھ ماحول دوست کیڑوں کی تیاری اور انٹومولوجی تحقیق کو وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔ڈاکٹر ذوالفقار نے پیشکش کی کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کراپ لائف پاکستان کے ساتھ مل کر پالیسی مکالمے اور موضوعاتی کانفرنسز منعقد کرے گی۔