مولانا سلیم قادری کامشن جاری رکھیں گے :آصف رضا

 مولانا سلیم قادری کامشن جاری رکھیں گے :آصف رضا

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)بانی و قائد سنی تحریک مولانا سلیم قادری شہید نے پاکستان کوحقیقی اسلامی ریاست بنانے کیلئے بھر پور جدوجہد کی۔آپ نے قیام امن کیلئے ہمیشہ تاریخی اورشاندار کردار ادا کیا۔آپکے نیک مشن کو ہمیشہ جاری رکھیں گے۔

 ان خیالات کا اظہارپاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں آصف رضاقادری نے مولانا سلیم قادری شہیدکے عرس کے سلسلہ میں طارق آباد میں لنگر کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے کیا۔ انہوں نے کہا مولانا سلیم قادری نے نظریہ اسلام وپاکستان کے تحفظ کیلئے عوام میں شعور اجاگر کیا۔ آپکے پیغام امن کے ذریعے نوجوان نسل میں حقوق کے تحفظ کا شعور بیدار کرتے رہیں گے ۔ آپکی تحفظ ناموس رسالت و ختم نبوت کے لیے بے مثال قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔آپکے نظریات کے فروغ کے لیے قربانیا ں دینے والے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مولانا سلیم قادری شہید آج بھی عوا م کے دلوں میں زندہ ہیں۔آپ نے شر پھیلانے اور دین میں بگاڑ پیدا کرنے والوں کا علم، قلم اور طاقت سے مقابلہ کیا۔ آپ نے حقوق کے تحفظ اور نظام مصطفی ﷺکے نفاذ کے لیے 1990میں رمضان المبارک کی ستائیسویں شب کو سُنی تحریک کی بنیا درکھی۔لنگرتقسیم سے قبل ملکی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر ڈویژنل جنرل سیکرٹری حافظ یاسرقادری المدنی، حافظ کامران،میاں فیصل،مرزا انیب ثاقب بھی موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں