اقبال سٹیڈیم میں پاکستان،جنو بی افریقہ سیریز کے انتظامات مکمل
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹیکنیکل اور سکیورٹی افسروں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس، ایس پی لائلپور ٹاؤن عابد ظفر، کرنل عمران، کرنل عثمان، علی بخاری، عدنان، احمد اور اقبال سٹیڈیم کے کیئر ٹیکر نوید نذیر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان ہونے والے تین ایک روزہ میچز کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ یہ میچز 4، 6 اور 8 نومبر کو اقبال سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اقبال اسٹیڈیم کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق مکمل تیار کر لیا گیا ہے تاکہ فیصل آباد کے شہری شاندار کرکٹ کا بھرپور لطف اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شائقین کرکٹ کے لئے فول پروف سکیورٹی اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پی سی بی کی مشترکہ کاوشیں جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد انٹرنیشنل کرکٹ کے بڑے مقابلوں کا نیا مرکز بننے جا رہا ہے ۔ اجلاس کے بعد پی سی بی افسران نے اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔