وہاڑی میں گندم خریداری مہم، باردانہ کی فراہمی تیز
کسانوں کو آسانیاں فراہم کرنے اور خریداری نظام بہتر بنانے کی ہدایت
وہاڑی (خبرنگار) ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت گندم خریداری مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم خریداری کے لیے باردانہ کی فراہمی تیزی سے جاری ہے اور حکومت کی جانب سے کسانوں سے 3500 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار اپنی ضرورت کے مطابق جتنا چاہیں باردانہ حاصل کر سکتے ہیں اور اس سلسلے میں تمام شرائط ختم کر دی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک کسانوں میں مفت باردانہ کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے جبکہ محکمہ خوراک، ریونیو سٹاف، پٹواری اور نمبرداران باردانہ کی ترسیل میں کاشتکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گندم خریداری کے عمل کو آسان بنانے کے لیے تمام رکاوٹیں ختم کر دی گئی ہیں اور کاشتکار بروقت اپنی گندم فروخت کر کے حکومتی مقررہ نرخ حاصل کریں۔ انہوں نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ وہ کسانوں کو گندم فروخت کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کرے ۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک گوداموں کی صفائی اور انتظامات کو بہتر بنائے جبکہ خریداری مراکز پر کسانوں کے لیے سایہ، بیٹھنے کی جگہ اور پینے کے صاف پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ گندم کے ضلع سے باہر لے جانے پر مکمل پابندی عائد ہے ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بابر سلیمان، اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم، ایس ڈی او پیرا نور محمد، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع رانا محمد عارف، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میاں نعیم عاصم، ای اے ڈی اے مدیحہ غفار، ڈی ایف سی اور دیگر افسران موجود تھے ۔