کسان بورڈ تحصیل شورکوٹ کا اجلاس ، مسائل کے حل کا مطالبہ
شورکوٹ (نمائندہ دنیا )کسان بورڈ تحصیل شورکوٹ کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کسانوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے حکومت سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت صدر کسان بورڈ تحصیل شورکوٹ چودھری رؤف حسن نے کی، جبکہ سرپرست کسان بورڈ محمد اشفاق ، سیکرٹری جنرل چوہدری فرحان جٹ، چیئرمین غلام دستگیر کملانہ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل چودھری محمد یوسف اور دیگر عہدیدار شریک ہوئے ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع جھنگ مہر فرید احمد مگیانہ اور معروف رہنما جماعت اسلامی پروفیسر (ر) اقبال حصاری نے بھی خصوصی شرکت کی۔صدر کسان بورڈ چودھری رؤف حسن نے مطالبہ کیا کہ سیلاب زدہ علاقوں کے کسانوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں اور فی ایکڑ کم از کم 50 ہزار روپے دیے جائیں تاکہ وہ اپنی زرعی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر سکیں۔انہوں نے ہر فصل کی سرکاری امدادی قیمت کے فوری اعلان اور گنے و گندم کی امدادی قیمت 4 ہزار روپے فی من مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔امیر جماعت اسلامی جھنگ مہر فرید احمد مگیانہ نے کہا کہ کسان بچاؤ، پنجاب بچاؤ، پاکستان بچاؤ ہماری تحریک کا نعرہ ہے ۔ کسانوں کو ریلیف دینے کے لیے کھاد کی قیمتوں میں کمی اور بجلی و ڈیزل پر سبسڈی ضروری ہے ۔