ڈینگی آگاہی مہم ،واسا کی جانب سے طلبہ میں پمفلٹس تقسیم
ڈینگی مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو رہا ، احتیاطی تدابیر ضروری :سہیل قادر
فیصلآباد(خصوصی رپورٹر)ایم ڈی واسا کی ہدایت پر ڈینگی آگاہی مہم کے حوالے سے سکول کے طلبہ میں پمفلٹس تقسیم کر دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ کی ہدایت پر انسدادِ ڈینگی آگاہی مہم کے سلسلے میں شعبہ سٹیزن لائزن سیل کے سٹاف نے گورنمنٹ ایم سی پرائمری سکول گلشن کالونی کا دورہ کیا، جہاں طلبہ کو انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے لیکچر دیا گیا اور پمفلٹس تقسیم کئے گئے ۔ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے باعث ڈینگی مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو رہا ہے ، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ واسا فیصل آباد کی جانب سے عوامی سطح پر آگاہی مہم کا مقصد ڈینگی سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ انسدادِ ڈینگی ایس او پیز پر بھرپور عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔ اس سلسلے میں واسا ہیڈ آفس سمیت ذیلی دفاتر، ڈسپوزل سٹیشنز اور پانی کی ٹینکیوں پر روزانہ صفائی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ عمارتوں کی چھتوں، ائیر کولرز، ڈسپنسرز سے پانی نکالنے اور کباڑ کے سامان کو ہٹانے کا عمل بھی جاری ہے ۔