مہنگائی ،بھاری ٹریفک چالان،شہری سراپا احتجاج
گھروں سے کاروبار ی مقام تک آنے کے دوران چالان،ہزاروں روپے کہاں سے ادا کریں، حکومت نے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنادیا، رہنما قومی تاجر احتجاج پھٹ پڑے
ملتان (لیڈی رپورٹر)مہنگائی اور بے روزگاری کے ستائے تاجروں، مزدوروں اور دیہاڑی دار طبقے نے بھاری ٹریفک چالانوں اور مہنگے آٹے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ قومی تاجر اتحاد کے زیر اہتمام مظاہرے میں حکومت سے بھاری جرمانوں کے خاتمے ، مزدوروں کو ریلیف دینے اور سستے آٹے کی فراہمی بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر قومی تاجر اتحاد سلطان محمود ملک نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر دو سے تین ہزار روپے تک کے چالان کئے جا رہے ہیں، جس سے مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے ۔ روزگار کی تلاش میں گھروں سے نکلنے والے محنت کش راستے میں بھاری جرمانوں کا سامنا کرتے ہیں، جس کے باعث بعض افراد نے کام کی تلاش میں باہر نکلنا بھی کم کردیا ہے ۔ گاہکوں کی آمدورفت محدود ہونے سے دکانداروں کا کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے ۔تاجر رہنماؤں شیخ محمد ارشاد آفریدی، شیخ سلیم اور تحریک تحفظ حقوق لیبر ونگ کے صدر جاوید بھٹی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے غریب خاندانوں کو 10 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں فراہم کرنے کی سکیم گزشتہ 15 سے 20 روز سے بند ہے ، جس کے باعث شہری 200 روپے فی کلو آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے سستے آٹے کی فراہمی فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔سلطان محمود ملک نے کہا کہ مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، ٹیکسوں اور جرمانوں کے باعث کاروباری طبقہ بھی مشکلات سے دوچار ہے ۔ پیرا فورس کی کارروائیوں سے تاجروں کی پریشانیوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹریفک چالانوں کے طریقہ کار پر نظرثانی، تجارتی مراکز میں بلاجواز جرمانوں کا خاتمہ اور تاجروں و مزدوروں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments