ڈی ایچ کیو ٹوبہ میں ڈائیلسز مشینیں خراب، مریض پریشان
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈائیلاسز مشینوں کی خرابی کے باعث گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ڈائیلاسز یونٹ میں مجموعی طور پر 14 مشینیں نصب ہیں جن میں نارمل، ہیپاٹائٹس بی اور ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کے لیے مخصوص مشینیں شامل ہیں، تاہم 6 مشینیں گزشتہ دو ماہ سے خراب ہیں۔
اس خرابی کے باعث مریضوں کو ڈائیلاسز کے لیے جھنگ اور چیچہ وطنی کے ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے ۔ مریضوں نے شکایت کی ہے کہ انہیں ہفتے میں دو مرتبہ بھاری کرایہ خرچ کر کے سفر کرنا پڑتا ہے ، جس سے ان کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔مریضوں کے لواحقین کے مطابق مشینوں کی خرابی کے باعث علاج میں تاخیر ہونے سے مریضوں کی حالت بگڑ جاتی ہے اور انہیں نجی مراکز میں ہزاروں روپے خرچ کر کے علاج کروانا پڑتا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں مشینری کی مرمت کے لیے باضابطہ بایو میڈیکل ورکشاپ موجود ہے ، جہاں انجینئر اور عملہ تعینات ہے ، اس کے باوجود مشینوں کی مرمت کے لیے دیگر شہروں سے کاریگر بلانے پڑتے ہیں۔متاثرہ مریضوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کی آلودگی کے باعث بڑھتے گردوں کے امراض کے پیش نظر ڈائیلاسز مشینوں کی تعداد میں اضافہ اور خراب مشینوں کی فوری مرمت کے احکامات جاری کیے جائیں۔