جھنگ:25 ملین کی لاگت سے فیملی پارک کی بحالی کا کام جاری
ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کا دورہ، سیوریج منصوبہ زون ون اور سکولوں کا معائنہ کیا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہریوں کو تفریحی مواقع فراہم کرنے کیلئے پارکوں کی بحالی اور تزئین و آرائش کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے میونسپل کمیٹی جھنگ کی جانب سے سیٹلائٹ ٹاؤن میں بنائے جانے والے بڑے فیملی پارک کے منصوبے اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 25 ملین روپے کی لاگت سے پارک کی بحالی و تزئین و آرائش جلد مکمل کر لی جائے گی۔ پارک میں اوپن جم، جھولے ، جاگنگ ٹریک، واش رومز، فوارے ، چار دیواری، گزیبو، لائٹس اور دیگر شہری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو معیاری تفریحی ماحول میسر آ سکے ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے سیٹلائٹ ٹاؤن سیوریج منصوبہ زون ون کا بھی دورہ کیا، ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سیوریج لائنوں کی تنصیب کے کام میں مزید تیزی لائی جائے ۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی جھنگ عامر محمود بھی ہمراہ تھے ۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سیٹلائٹ ٹاؤن اور سپیشل ایجوکیشن سینٹر کا معائنہ کیا۔