پولیس کا ہر قسم کی وارداتوں میں کمی کا دعویٰ
رواں سال کے دوران ہائی وے ڈکیتی میں 55.31، اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتی کے دوران قتل میں 24.4 اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں 34.61 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی،بریفنگکاروکاری کے واقعات پر پولیس کی مدعیت میں مقدمات درج کرنے ، شادیوں میں ہوائی فائرنگ روکنے اور غفلت پر ایس ایچ اوز سے جواب طلبی کی جائے ،آئی جی جاوید عالم اوڈھو کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم کے خلاف پولیس اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے شرکاء کو اے آئی جی آپریشنز نے قتل، اسٹریٹ کرائم، کاروکاری، ڈکیتی، بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان سمیت دیگر جرائم کے خلاف پولیس اقدامات اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں پولیس افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال ہائی وے پر ڈکیتی کی وارداتوں میں 55.31 فیصد، اسٹریٹ کرائمز میں 24.4 فیصد، قتل کی وارداتوں میں 12.6 فیصد، ڈکیتی کے دوران قتل کے واقعات میں 24.4 فیصد اور اغوا برائے تاوان کے واقعات میں 34.61 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بریفنگ کے مطابق کاروکاری اور غیرت کے نام پر قتل کے 80 فیصد مقدمات پولیس کی مدعیت میں درج کیے گئے جبکہ 96 فیصد مقدمات میں ملزمان کا سراغ لگا لیا گیا ہے ۔آئی جی سندھ نے کراچی میں کاروکاری کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ایسے واقعات میں پولیس کی مدعیت میں ناقابلِ صلح دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں اور ایس ایس پیز خود تفتیش کی نگرانی کریں۔ انہوں نے شادیوں کے سیزن میں ہوائی فائرنگ کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کرنے اور غفلت پر متعلقہ ایس ایچ اوز سے جواب طلبی کی ہدایت بھی کی۔ جاوید عالم اوڈھو نے قتل کے مقدمات میں نامزد ملزمان کی گرفتاری، بھتہ خوری میں ملوث بیرون ملک فرار ملزمان اور ان کے مقامی سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے پر زور دیا۔
اجلاس میں موبائل فون چھیننے ، گاڑیوں کی چوری اور دیگر اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے اے وی ایل سی اور سی پی ایل سی کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری، ہائی ویز پر سیکیورٹی انتظامات بہتر بنانے ، قبائلی تنازعات کے حل اور سنگین جرائم میں ملوث مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی مہم چلانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ آئی جی سندھ نے واضح کیا کہ پولیس اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ صرف ایف آئی آرز کی تعداد میں کمی کی بنیاد پر نہیں بلکہ جرائم کی شرح، مقدمات کے اندراج، ملزمان کی گرفتاری، مالِ مسروقہ کی برآمدگی اور پراسیکیوشن کی کارکردگی کو بھی مدنظر رکھ کر لیا جائے گا۔بھتہ خوری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایسے واقعات میں کمی آئی ہے ، تاہم بیرون ملک مفرور بھتہ خوروں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کے خلاف مزید مؤثر کارروائیوں کی ضرورت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments