گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سندھ اسمبلی میں تحریک التوا پیش
جمعہ کوبحث ہوگی، حکومتی مالی حسابات سے متعلق آڈٹ رپورٹ بھی ایوان میں پیش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریک التوا پیش کردی گئی جس پر بحث کیلئے جمعہ کا دن مختص کیا گیا ۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی رکن سمیتا افضال نے صوبے میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف تحریک التوا پیش کی۔ وزیر قانون ضیا لنجار نے تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ، خصوصاً کراچی میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع ہوچکی ہے ، اس معاملے پر بحث کے لیے ایک دن مختص کیا جائے ۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ اس مسئلے پر پہلے بھی کئی مرتبہ گفتگو ہوچکی ہے ، تاہم اس پر بحث ہونی چاہیے ۔ انہوں نے تحریک التوا پر بحث کے لیے جمعہ کا دن مقرر کردیا۔
اجلاس میں سندھ حکومت کے مالی حسابات سے متعلق آڈٹ سال 26-2025 کی رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی گئی۔وزیر قانون نے رپورٹ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کوبھیجنے کی تحریک پیش کی، جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔کمیٹی کوایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ایوان نے حبیب یونیورسٹی ایکٹ 2012 میں ترمیمی بل پر فوری غور کرنے کی تحریک بھی منظور کرلی ۔اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے سندھ اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں ضروری ترامیم کے لیے کمیٹی تشکیل دینے اور ان پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔ اسپیکر نے تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کے قواعد کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے قواعد سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments