گلبائی روڈ کی تعمیر سے آمدورفت بہتر ہوگی،مرتضیٰ وہاب
حب ریور روڈ، شیر شاہ اور سائٹ آنے جانے والوں کو سہولت ملے گیمیئر کا زیر تعمیر منصوبے کا دورہ، ترقیاتی کام بلاامتیاز جاری رکھنے کا عزم
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گلبائی روڈ کی تعمیر و بہتری سے حب ریور روڈ، شیر شاہ اور سائٹ انڈسٹریل ایریا آنے جانے والے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ صنعتی علاقوں کی رابطہ سڑکوں میں بھی بہتری آئے گی۔میئر نے گزشتہ روز گلبائی روڈ کے زیرِ تعمیر ترقیاتی منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گلبائی روڈ شہر کے اہم رابطہ راستوں میں شامل ہے اور اس کی بہتری سے روزانہ اس شاہراہ کو استعمال کرنے والے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے ۔ بالخصوص صنعتی علاقوں میں کام کرنے والے ملازمین، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری افراد کیلئے سفر آسان ہوگا۔
اس سے قبل مرتضیٰ وہاب نے کلفٹن بلاک 5 میں سڑک کی تعمیر کے کام کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع وسطی میں سخی حسن قبرستان اور شادمان کے درمیان دو رویہ سڑک کی ازسرِنو تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے ۔ اس منصوبے میں سڑک کی تعمیر سے قبل برساتی نالے کی ازسرِنو تعمیر مکمل کی گئی ۔میئر کاکہنا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیم شہر بھر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار برقرار رکھے ہوئے ہے ۔ ماضی میں کے ایم سی کے پاس ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز دستیاب نہیں تھے ، تاہم اب ادارہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں بلاامتیاز ترقیاتی کام جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments