شہریوں کو ریونیو سروسز کی بہتر فراہمی کیلئے اقدامات تیز

 شہریوں کو ریونیو سروسز کی بہتر فراہمی کیلئے اقدامات تیز

کمشنر کا افسروں کو کیسز جلد نمٹانے کا حکم،پٹواریوں کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ شہریوں کو ریونیو سمیت دیگر شعبوں میں تیز رفتار سروسز کی فراہمی کے لیے سرگرم ہے ۔اسی سلسلے میں کمشنر راجہ جہانگیر انور کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل کمشنرز، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، اسسٹنٹ کمشنرز (جنرل و ریونیو) نے شرکت کی۔کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ریونیو سے متعلق زیر التواء کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو افسران کو باقاعدگی سے انسپکشن کرنے کا پابند بنایا جائے جبکہ پٹواریوں کے بستوں کی پڑتال پر خصوصی توجہ دی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پلس پراجیکٹ کے تحت جائیداد کی تقسیم کے کیسز کا باقاعدہ فالو اپ کیا جائے اور بورڈ آف ریونیو کے اقدامات کی تکمیل پر فوکس رکھا جائے ۔راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ پٹواری، تحصیلدار اور اے ڈی ایل آر کی دفاتر اور اراضی ریکارڈ سنٹرز میں دستیابی ناگزیر ہے ۔انہوں نے ریونیو دفاتر کی اچانک چیکنگ کا عندیہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی میں تاخیر یا رکاوٹ ڈالنے والوں کا سخت محاسبہ کیا جائے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں