ہسپتالوں میں ادویات قلت کانوٹس لیاجائے ،محبوب الزماں
بخار، نزلہ، زکام کی بھی ادویات دستیاب نہیں،مریض دربدر خوار ہو رہے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ،جنرل سیکرٹری یاسراقبال کھارانے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے کہا ہے کہ حکومت نے سرکاری ہسپتالوں کو انکے حال پر چھوڑ دیا ہے ۔حکومتی عدم توجہ سے شہر بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کا شدید فقدان ہے ، ہسپتالوں میں عام بیماریوں بخار، نزلہ، زکام کی بھی ادویات دستیاب نہیں ،مریض دربدر خوار ہو رہے ہیں۔سرکاری ہسپتالوں میں انتظامی عدم توجہ اور غفلت سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، ادویات کی قیمتوں میں بارہا اضافے کی وجہ سے عام آدمی کی قوت خرید انتہائی کم ہوچکی ہے جس سے مریضوں کا سرکاری ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے ۔انہوں نے کہا صوبائی حکومت نے فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں کو ادویات کیلئے دو ارب کا بجٹ دینے کا دعویٰ کیا ہے لیکن تمام سرکاری ہسپتالوں ایف آئی سی، سول،الائیڈ اور دیگر جنرل ہسپتالوں میں ادویات کی شدید کمی ہے ، چلڈرن ہسپتال میں بھی ادویات کا فقدان ہے جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ادویات قلت کا فوری نوٹس لے تاکہ عوامی مشکلات میں کمی کی جاسکے ۔