26 نومبر کوایف ڈی اے کی ملکیتی جائیدادوں کی نیلامی

26 نومبر کوایف ڈی اے کی ملکیتی جائیدادوں کی نیلامی

ڈی جی کی زیرصدارت نیلامی کیلئے منتخب پلاٹس کی تفصیلات کا جائزہ لیاگیا

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ایف ڈی اے کے ملکیتی مختلف رقبہ جات کے متعدد کمرشل، رہائشی پلاٹس نیلام عام کے ذریعے فروخت کئے جائینگے جس کیلئے نیلامی 26 نومبر کو گیارہ بجے دن ایف ڈی اے کے مرکزی دفتر میں ہوگی۔ نیلام عام میں فروخت کے لئے پیش کئے جانے والے پلاٹس میں مختلف نجی ہائوسنگ سکیموں میں پبلک یوٹیلٹی سائٹس، ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول ہائوسنگ کالونیوں میں کمرشل و رہائشی پلاٹس شامل ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئی جس میں نیلامی کیلئے منتخب پلاٹس کی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ میاں اسد مجید و دیگر افسر موجود تھے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ نیلام عام میں 114مختلف ہائوسنگ سکیموں میں تعلیم وصحت کی سہولیات سے متعلق مفاد عامہ کیلئے مختص مختلف رقبہ جات کے پلاٹس فروخت کیلئے پیش کئے جائینگے جبکہ پبلک یوٹیلٹی کے 20 پلاٹس ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں مدینہ ٹائون ، ملت ٹائون اور قائد اعظم بلاک سمندری روڈ میں واقع ہیں۔ علاوہ ازیں احمد نگر میں 99 محلہ شاپس اور کمرشل سنٹر میں 45 پلاٹس کی بھی نیلامی کی جائیگی۔ ملت چوک گلستان کالونی میں واقع گلستان پلازہ کے مختلف فلورز پر واقع دکانات کرایہ پر دینے ، ہاکی سٹیڈیم کے قریب مدینہ ٹائون میں پونے پانچ کنال رقبہ کے دو پلاٹس اور آئرن مارکیٹ، احمد نگر اور ملت ٹائون میں بینک کیلئے مختص پلاٹ کے رقبہ جات لیز پر دینے کیلئے بولی میں رکھے جائینگے ۔ ڈی جی نے ہدایت کی کہ شہریوں کی آگاہی کیلئے پلاٹس کے نیلام عام کو مختلف ذرائع کے ذریعے وسیع پیمانے پر مشتہر کیاجائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں