تمام محکمے مؤثر انسدادِ ڈینگی اقدامات یقینی بنائیں:ڈ ی سی
شہر میں 800 سے زائد مقامات پر لاروا کی نشاندہی ہوناتشویشناک ہے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اہم اجلاس ڈی سی آفس میں ہوا۔ اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت، پی ایچ اے ، واسا، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نومبر میں ڈینگی کے کیسز بڑھنے کا خدشہ رہتا ہے لہذاتمام محکمے انسدادِ ڈینگی کیلئے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق شہر میں 800 سے زائد مقامات پر لاروا کی نشاندہی ہوئی ہے جو تشویشناک ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جن یونین کونسلز میں دس یا زائد لاروا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں وہاں فوری سویپنگ کی کارروائیاں کی جائیں اور انفورسمنٹ ٹیمیں انسدادی اقدامات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائیاں کرتے ہوئے ایسے مقامات کو سیل کریں اور ایف آئی آرز درج کی جائیں۔ ان ڈور سرویلنس کو مؤثر بنایا جائے ، گھروں کے اندر لاروا چیکنگ بہتر کی جائے اور عوام کو بھی اس سلسلے میں آگاہی دی جائے تاکہ شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ڈپٹی کمشنر نے پی ایچ اے ، واسا،میونسپل اداروں کو تاکید کی کہ پارکس، کھلے مقامات، خالی پلاٹوں اور نالوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے ۔ تمام مساجد میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے اعلانات بھی باقاعدگی سے کرائے جائیں ۔