گندم کی کاشت ، ہدف کیلئے وسائل بروئے کار لا رہے :وزیرِ زراعت
ملکی فوڈ سکیورٹی کیلئے گندم نہایت اہم فصل ، حکو مت ہنگاہی اقدامات کر رہی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) وزیرِ زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِ صدارت گندم کی کاشت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، سپیشل سیکرٹری جنوبی پنجاب سرفراز احمد مگسی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، کاشتکاروں اور متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ زراعت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں گندم کی کاشت کے مقررہ ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گندم کی بوائی کی موجودہ مہم حوصلہ افزا ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیرِ زراعت نے کہا کہ گندم ملکی فوڈ سکیورٹی کیلئے نہایت اہم فصل ہے اور حکومت اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ۔ ان کے مطابق پنجاب کے کاشتکاروں کو 10 ہزار ہائی پاور ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔وزیرِ زراعت نے مزید بتایا کہ رواں سیزن میں گندم کی کاشت کا صوبائی ہدف 1 کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر ہے۔
جبکہ سرکاری رقبوں پر 100 فیصد گندم کی کاشت کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کسان کارڈ کے تحت 6 لاکھ کاشتکاروں کو 90 ارب روپے سے زائد بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ ان کے مطابق کسان کارڈ ہولڈرز اپنی واجب الادا رقم جمع کرانے پر صرف 24 گھنٹوں میں دوبارہ قرض کے اہل ہو جاتے ہیں۔