پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں :قیصر احمد شیخ
قومی سلامتی کے شعبے میں مضبوط کوآرڈینیشن ناگزیر ہے :وفاقی وزیر کی گفتگو
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے اسلامیہ ہسپتال چنیوٹ میں لفٹ کی سہولت کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور آئندہ برسوں میں ملک میں مشترکہ منصوبوں، بیرونی سرمایہ کاری اور نئے ایم او یوز میں نمایاں اضافہ متوقع ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا کی ترقی بیرونی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر سے ممکن ہوئی ہے اور پاکستان بھی اسی ماڈل کو اپنا کر معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے سالوں میں پاکستان کا عالمی تاثر مزید بہتر ہوگا۔ملکی دفاعی حکمتِ عملی اور عسکری قیادت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے شعبے میں مضبوط کوآرڈینیشن ناگزیر ہے اور موجودہ قیادت کی توسیع اس سمت ایک مثبت قدم ہے ، جس سے قومی مفادات کے تحفظ میں مزید بہتری آئے گی۔سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر قومی مفاد کے فیصلوں کے لیے حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھ کر مسائل حل کرنا ہوں گے ۔ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کی فیسلیٹیشن کو قابلِ ستائش قرار دیا اور کہا کہ سیاسی استحکام سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بنیادی شرط ہے ۔