کامیابی کیلئے قرآن وحدیث کی تعلیمات کو اپنانا ہوگا :علما
مدرسہ علی المرتضیٰ جامع مسجد سبحان اللہ میں تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)دنیا و آخرت میں کامیابی کیلئے قرآن وحدیث کی روشن و سنہری تعلیمات کو اپنانا ہوگا دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی انتہائی ضروری ہے ان خیالات کا شیخ الحدیث مفتی احسان الحق شہباز ، مفتی قاری یونس خلیق ، مولانا عبد الرحمن جوھر نے مدرسہ علی المرتضیٰ جامع مسجد سبحان اللہ اہلحدیث مدن پورہ گلی نمبر 5 میں تقسیم انعامات کے موقع پر درس قرآن کی تقریب سے خطاب پرکیا ۔ انہوں نے کہا دنیا میں ذلت ورسوائی کی بڑی وجہ قرآن وحدیث کو پس پشت ڈالنا ہے ہمارے معاشی و معاشرتی ، سیاسی وسماجی مسائل کا حل قرآن وسنت کی تعلیمات میں پوشیدہ ہے یہود و نصارٰی کے فرسودہ نظام اور یورپ کی نقالی میں ہماری کامیابی نہیں ۔ دنیا و آخرت میں کامیابی تو ایک مسلمان کیلئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لائے ہوئے نظام میں ہے ۔ تقریب میں قاری ارشد ، خالد محمود اعظم آبادی ، قاری لقمان ، ابو طلحہ اصغر ، مولانا محی الدین ، قاری طلحہ ثنا اللہ ، حافظ اسامہ سیف ، حافظ ولید ، قاری دلاور حبیب ، عطا اللہ انصاری ، مرزا سیف اللہ ، ادریس یزدانی عبد الواحد مغل ، عقیل انصاری ، عبد الرحمٰن انصاری بھی موجود تھے ۔ مفتی احسان الحق شہباز نے مزید کہا کہ قرآن مجید حفظ کرنے والے بچے خوش قسمت اور عظیم افراد میں شامل ہیں جنہوں نے اپنی زندگیوں کو دین اسلام کیلئے وقف کر رکھا ہے ۔ قرآن وحدیث کی تعلیمات سے آشنائی ہر مسلمان کیلئے ضروری ہے ۔آخر میں ملکی سلامتی اور استحکام سمیت تعمیر وترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔