یوسی 144:مسجد کے سامنے بند نکاسی آب نمازیوں کیلئے مشکلات
پینسرہ (نمائندہ دنیا )یونین کونسل 144 میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے نکاسی آب کے لیے بنایا گیا نالہ بند ہو گیا، جس کے باعث مسجد کے گیٹ کے سامنے جمع پانی نمازیوں کو گذرنے میں شدید مشکلات پیدا کر رہا ہے ۔
یونین کونسل 144، چک نمبر 245 ر ب آبادی حسین آباد میں رنگ روڈ کی اطراف میں نکاسی آب کا نالہ کئی مہینوں سے بند پڑا ہے ۔ رنگ روڈ کی تعمیر کے بعد نالہ کی سطح انتہائی کم ہو گئی ہے اور اس پر جگہ جگہ پختہ تعمیرات بن دی گئی ہیں، جس کی وجہ سے نالہ کوڑا کرکٹ جمع ہونے سے بند ہو چکا ہے ۔نالے کا پانی گلیوں اور بازاروں سے ہوتا ہوا شہریوں کے گھروں میں داخل ہو رہا ہے ۔ رنگ روڈ کے اطراف درجنوں گھروں کی بنیادیں نکاسی آب کی وجہ سے کھوکھلی ہو چکی ہیں۔ نکاسی کا پانی رنگ روڈ کے ساتھ بہتے ہوئے مسجد کے سامنے سے روڈ کراس کرکے دوسری جانب شہریوں کی فصلوں میں جمع ہو رہا ہے ۔شہریوں کی جانب سے بارہا ضلعی انتظامیہ کو شکایات کی گئیں، مگر شنوائی نہ ہو سکی۔ شہریوں نے کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کے لیے بنائے گئے سرکاری نالے کی صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں اور نمازیوں کو اس ازیت سے نجات مل سکے ۔