سردی پولیس کے ناقص انتظامات وارداتیں بڑھ گئیں

سردی پولیس  کے ناقص انتظامات وارداتیں بڑھ گئیں

شام ہوتے ہی پٹرولنگ اور ناکہ بندی ڈیوٹیز پر تعینات پولیس افسر اور اہلکار ڈیوٹی سے غائب رہنے لگے ، جرائم پیشہ عناصر ایک بار پھر سے متحرک ،شہریوں کو تشویش

فیصل آباد(عبدالباسط سے (موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی ڈکیتی، چوری، راہزنی اور لوٹ مار سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا۔ شام ہوتے ہی پٹرولنگ اور ناکہ بندی ڈیوٹیز پر تعینات پولیس افسر اور اہلکاروں کا مبینہ طور پر ڈیوٹی سے غائب رہنا معمول بن گیا۔ جس کا فائدہ اٹھاتے جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے بلا خوف و خطر شہریوں کو اپنا نشانہ بنایا جانے لگا۔ یومیہ لوٹ مار کی وارداتوں کی تعداد میں ماضی کی نسبت 40 سے 50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ، جس کی وجہ سے شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے پیش نظر لوٹ مارکی وارداتیں نہ ہونے کے برابر رہ گئی تھیں۔ ماضی میں پولیس کی جانب سے ناکہ بندی، پٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ کے حوالے سے بہتر انتظامات اور اقدامات اٹھائے گئے تھے ۔

پو لیس کی نر می کی وجہ سے دوبارہ سے ڈکیتی، چوری اور راہزنی سمیت لوٹ مار کی دیگر وارداتیں رپورٹ ہونے لگی ہیں۔ یومیہ پیش آنے والی لوٹ مار کی وارداتوں کی تعداد ماضی میں محض 30 سے 35 رہ گئی تھی اور یہ وارداتیں بھی رات کے اوقات میں دیہی علاقوں یا دیہاتوں میں رپورٹ ہوتی تھیں۔ لیکن حالیہ دنوں میں پولیس اہلکاروں اور افسروں کے ڈیوٹیز پر موجود نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر مبینہ طور پر ایک بار پھر سے سر اٹھانے لگے ہیں۔ وارداتوں کی تعداد میں مبینہ طور پر دوبارہ سے ہونے والے اضافے پر شہریوں کی جانب سے بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ تاہم سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کہتے ہیں کہ جرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کو لگام ڈالنے کے ساتھ شہریوں کی قیمتی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کے لئے بہتر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں