پنجاب یونیورسٹی میں ماہرین نفسیات کیلئے تربیتی ورکشاپ
خواتین پرتشددکیخلاف پینل ڈسکشن کا بھی انعقاد ،ماہرین کااظہار خیال
لاہور(خبر نگار)پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار کلینیکل سائیکالوجی کے زیر اہتمام ماہرینِ نفسیات کیلئے ‘آئی موومنٹ ڈیسینسائٹائزیشن اینڈ ری پروسیسنگ‘کے موضوع پر 3روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ،ڈائریکٹر سنٹرپروفیسر ڈاکٹر صائمہ داؤد، برطانوی ای ایم ڈی آر پریکٹیشنر ڈاکٹر علی اکبر منصور، ماہرِ ین نفسیات، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔ ڈاکٹر منصور جو ذہنی صحت کے تجربہ کار ماہر ہیں، نے ٹراما فوکسڈ مداخلتوں کے حوالے سے اپنی وسیع کلینیکل مہارت کا اشتراک کیا، ای ایم ڈی آر تھراپی کی نظریاتی بنیادوں، پروٹوکولز اور عملی اطلاق پر توجہ دی گئی۔پروفیسر ڈاکٹر صائمہ داؤد نے کہا سنٹر فار کلینکل سائیکالوجی قومی اور بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ پاکستان میں ذہنی صحت کی خدمات کو بہتر بنایا جا سکے ۔ پنجاب یونیورسٹی ڈیپارٹمنٹ آف پبلک ہیلتھ کے زیرِ اہتمام خواتین پرتشدد،عوامی صحت کا مسئلہ کے موضوع پر پینل ڈسکشن کا بھی انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام یو این ویمن کی صنفی بنیادوں پر تشدد کیخلاف 16 روزہ آگاہی مہم کے سلسلے میں ہوا۔انچارج شعبہ پبلک ہیلتھ ڈاکٹر نعمان ، قائمہ کمیٹی کی کنوینئر سام دادا، پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ذاکر، سینئر لا آفیسر عمران قریشی، ڈاکٹر زوہا خان ،طلبہ نے شرکت کی۔مقررین نے خواتین کی مالی خودمختاری کو ہر قسم کے تشدد کیخلاف تحفظ کیلئے کلیدی حکمتِ عملی قرار دیا ۔