سرکاری محکموں کو دیے اہداف پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ اجلاس

سرکاری محکموں کو دیے اہداف پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ اجلاس

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف سرکاری محکموں کو دیے گئے اہداف پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم، ایم ڈی ہارٹیکلچر اتھارٹی محمد ارشد، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، سی او ایم سی ماجد بن احمد، واسا، فوڈ اتھارٹی، فیسکو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر نے ہدایت کی کہ کرسمس کے موقع پر عوامی پارکس اور تفریحی مقامات پر متوقع رش کے پیش نظر فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں جو وہاں قائم شاپس، آؤٹ لیٹس اور عارضی اسٹالز کی باقاعدہ چیکنگ یقینی بنائیں اور حفظان صحت کے اصولوں پر کسی قسم کی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ سی او میونسپل کارپوریشن نے شہر میں صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور شہری سہولیات کے حوالے سے ایک ہفتے کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ کمشنر نے سلانوالی روڈ پر قائم ماڈرن ریڑھی بازار کو ایک ہفتے کے اندر مکمل طور پر فنکشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مصروف بازاروں میں ریڑھیاں نظر نہیں آنی چاہئیں اور تمام ریڑھی بانوں کو مخصوص ریڑھی بازاروں میں منتقل کیا جائے ۔ انہوں نے تمام ماڈل ریڑھی بازاروں کو جلد از جلد فعال کرنے اور سخت ڈسپلن قائم رکھنے پر زور دیا۔ واسا اور ایس ڈبلیو ایم سی کو مشترکہ فیلڈ وزٹس کی ہدایت کی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کسی بھی علاقے میں مویشی یا غیر قانونی باڑے دوبارہ قائم نہ ہوں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں